آریانانیوز: فرینک میکنزی کے مطابق افغانستان میں امریکہ کی شکست کی ایک اہم وجہ وہاں کے زمینی حقائق پر غور کیے بغیر حکومتی اور انتظامی امور کو چلانے کے لیے مغربی ماڈل کا نفاذ تھا۔
خبر رساں ذرائع کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سابق سربراہ فرینک میکنزی نے افغانستان کی جنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ گزشتہ دو دہائیوں میں چار امریکی حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو مغربی طرزِ حکومت کے ذریعے سنبھالا جا سکتا ہے یا نہیں ؟ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا؛ لیکن یہ بات یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مقامی طرزِ حکومت کے ذریعے افغانستان کے انتظامی امور کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے ؛ جبکہ امریکہ نے افغانستان کے زمینی حقائق سے غفلت برتی۔
میکنزی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن افغانستان میں شکست خوردہ قوموں کی بحالی کے معاملے میں بری طرح پھنس گیا تھا اور وہ افغانستان کے انتظامی امور کو چلانے کے لیے مغربی طرزِ حکومت پر زور دے رہا تھا جو کہ سراسر غلط تھا۔ انہوں نے امریکہ کی اس شکست کو “فوجی اور سفارتی ناکامیوں” کا امتزاج قرار دیا۔