متعدد ماہرین، سیاسی کارکنان، اور یہاں تک کہ طالبان نے بھی کابل کے حامد کرزئی ہوائی اڈے پر ہزاروں لوگوں، بالخصوص اشرافیہ اور ماہرین کے تجمع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غیر معمولی ہجوم اور ماہرین کی روانگی سے مستقبل میں افرادی قوت کی قلت ہوگی۔
ایک ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ہے کہ ہزاروں افغانستانی، بشمول مقامی سفارت خانے کے عملے، مترجمین، ماہرین، اساتذہ اور یہاں تک کہ انتظامی عملے نے بھی کابل ہوائی اڈے پر ڈیرہ ڈال دیا ہے تاکہ وہ کسی بھی قیمت پر ملک چھوڑ سکیں؛ اس عمل سے مستقبل میں افغانستان کو چلانے کے لیے ماہرین اور تربیت یافتہ اہلکار کی افرادی قوت کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ماہرین کے مطابق ملک چھوڑنے والوں کے اس بے مثال ہجوم کی وجہ بڑھتی ہوئی ناامنی، طالبان کے نظریات کے نفاذ کے امکانات، اور متعدد سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ چلانے کے خدشات ہیں۔
ماہرین کے ملک چھوڑنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کی خاطر، طالبان نے علماء سے کہا ہے کہ وہ ایسے اشخاص کو ملک ہی میں رہنے کی ترغیب دیں۔
ان افراد کی خروج کرنے میں جلدی کی وجہ ۳۱ اگست تک تکمیل پائے جانے والا اتحادی افواج افغانستان سے انخلا کا منصوبہ ہے، اور طالبان کے اس اعلان کے بعد کہ امریکی موجودگی میں توسیع نہیں دی جائے گی، ان افراد کی بے تابی میں اضافہ ہوا ہے۔
شائع شدہ خبروں کے مطابق، ہر ۲۴ کھنٹوں میں ۱۲ ہزار افغانستانی غیر ملکی فوجی اور مسافر طیاروں کی مدد سے افغانستان چھوڑ رہے ہیں، جن میں اکثریت اشرافیہ، ماہرین، یونیورسٹی پروفیسر، اساتذہ ہیں جب کہ ان میں عام لوگ بھی شامل ہیں۔
طالبان نے ان افراد کو ملک چھوڑنے سے روکنے کی خاطر عام معافی کا اعلان کیا ہے، لیکن یہ اعلان بھی کابل ہوائی اڈے پر ہجوم کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔
طالبان کے ترجمان اور وزارت اطلاعات و ثقافت کے قائم مقام سربراہ، ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لوگوں کو بظاہر عام معافی کے حکم پر اعتماد نہیں ہے، اور انہوں نے علماء سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کو ملک چھوڑنے سے روکنے کی خاطر کچھ کریں۔
انہوں نے امریکہ اور برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کو ملک چھوڑنے کی ترغیب دینے سے گریز کریں۔