طالبان کی وزارتِ خارجہ کے سیاسی امور کے نائب سربراہ ذاکر جلالی نے افغانستان کو ای سی او کے اجلاس میں مدعو نہ کیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کے بغیر اقتصادی تعاون ممکن نہیں۔
طالبان کی عبوری حکومت کی وزارتِ خارجہ میں سیاسی امور کے نائب سربراہ ذاکر جلالی نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کے 30ویں اجلاس میں افغان وفد کو مدعو نہ کیے جانے پر اعتراض کیا۔ انھوں نے اس اقدام کو خطے میں افغانستان کے کردار سے چشم پوشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بغیر علاقائی ہم آہنگی کا تصور محض ایک وہم ہے۔
جلالی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی تحریر میں کہا کہ اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون سیاسی کشیدگی کم کرنے اور علاقائی ملکوں کے درمیان اعتماد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کی پالیسیوں اور ’’فرسودہ نظریات‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقتصادی مفادات کو سیاسی تنازعات سے الگ کرنے کے لیے ابھی طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔
جلالی کے مطابق طالبان کے اگست 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے کابل نے اپنی خارجہ پالیسی کی بنیاد معیشت کو بنایا ہے اور علاقائی تعاون کو تمام ہمسایہ ملکوں کے مشترکہ مفادات کا ضامن سمجھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد کی رکاوٹوں کے باوجود افغان وفد تہران میں ہونے والے ای سی او کے اگلے اجلاس میں بھرپور شرکت کرے گا۔
اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ، 30واں اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب پاکستان کی وزارتِ خارجہ پہلے ہی اعلان کر چکی تھی کہ سیاسی کشیدگی کے باعث طالبان کی عبوری حکومت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ افغانستان، ایران اور پاکستان سمیت خطے کے دس اہم ملک ای سی او کے رکن ہیں۔ یہ تنظیم سامان کی نقل و حمل اور وسطی ایشیا کو کھلے سمندروں سے ملانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اجلاس میں افغانستان کی عدم موجودگی سے علاقائی ٹرانزٹ منصوبوں کو سنگین مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔