امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن سیم لیکارڈو نے بتایا ہے کہ افغان باشندوں کی ملک بدری روکنے اور انہیں عارضی تحفظ (TPS) دینے کے معاملے پر ووٹنگ کرانے کے لیے دونوں جماعتوں کی حمایت سے ایک پٹیشن پیش کی گئی ہے۔ یہ اقدام امریکا کی جانب سے تقریباً 150 افغان پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کے منصوبے سے متعلق رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے، اور اب تک کم از کم 114 ارکانِ کانگریس اس کی حمایت کر چکے ہیں۔
سیم لیکارڈو نے کانگریس میں باضابطہ پٹیشن پیش کرتے ہوئے افغان باشندوں کی ملک بدری فوری طور پر روکنے اور انہیں طالبان کے زیرِ اقتدار افغانستان واپس بھیجنے کے منصوبے کو ناکام بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس پارلیمانی اقدام کا بنیادی مقصد ایسا قانونی راستہ بنانا ہے جس کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کو عارضی تحفظ (TPS) دینے کی تجویز پر ایوان میں ووٹنگ کرائی جا سکے، تاکہ ان کی جان کا تحفظ اور امریکا میں قانونی قیام یقینی بنایا جا سکے۔
لیکاردو نے ایک بیان میں کہا کہ اس پٹیشن پر اب تک ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں جماعتوں کے کم از کم 114 ارکان دستخط کر چکے ہیں۔ ایوان میں ووٹنگ لازمی بنانے کے لیے درکار 218 دستخط حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
لیکاردو نے افغانستان واپس بھیجے جانے والوں کو لاحق سنگین خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پر اخلاقی اور تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان افغان باشندوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے جنہوں نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران امریکی افواج کے ساتھ کام کیا اور اپنی جانیں خطرے میں ڈالیں۔
اس منصوبے کے حامیوں کے مطابق، ان افراد کو ایسے ملک واپس بھیجنا جو مکمل طور پر طالبان کے کنٹرول میں ہے، انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی اور واشنگٹن کے سابق مقامی اتحادیوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہوگا۔
کانگریس میں یہ کوششیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ امریکی حکومت پاکستان کے راستے کم از کم 150 افغان شہریوں کو ملک بدر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ردِعمل اور درپیش رکاوٹوں کے بعد اس منصوبے پر عمل درآمد روک دیا گیا، تاہم مستقل قانونی تحفظ نہ ہونے کے باعث جبری ملک بدری دوبارہ شروع ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
امیگریشن امور کے مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر پٹیشن کامیاب ہو جاتی ہے اور عارضی تحفظ کی منظوری مل جاتی ہے تو امریکا میں مقیم ہزاروں افغان شہریوں کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے گا اور ایک نئے انسانی بحران سے بچنے میں مدد ملے گی۔