افغانستان میں برسر اقتدار طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان ثالثی کے لئے تیار ہیں۔ افغانستان خطے میں لڑائی نہیں چاہتا ہے۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ اگر اسلام آباد چاہے تو افغان طالبان ثالث کے طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں جاری تنازعات ختم ہو جائیں۔
انہوں نے افغانستان کی سرزمین پر تحریک طالبان پاکستان کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ اس گروہ کا افغان سرزمین پر کوئی وجود نہیں ہے اور ٹی ٹی پی کو افغانستان میں کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تحریک طالبان پاکستان سے کسی قسم کے تعلقات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ ٹی ٹی پی کے اخراجات ادا کرتے ہیں اور نہ ان کے ساتھ ہیں بلکہ اس کے برعکس ہم افغانستان میں ٹی ٹی پی کو فعالیت کی اجازت بھی نہیں دے رہے ہیں۔