برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر پیٹرک سینڈرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں اسپیشل فورسز کی جانب سے جنگی جرائم کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کی حمایت کریں گے۔
لندن میں قائم برطانوی تحقیقاتی ادارے ایکشن آن آرمڈ وائلنس (Action on Armed Violence) نے خبر دی ہے کہ سینڈرز نے حاضر سروس فوجی اہلکاروں اور سابق فوجیوں کو لکھے گئے ایک خط میں اس معاملے کی تحقیقات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
خط میں برطانوی فوج کے سربراہ نے 2010 سے 2013 کے درمیان افغانستان میں اسپیشل فورسز کی جانب سے غیر قانونی ہلاکتوں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے برطانوی اسپیشل فورسز پر الزام ہے کہ انہوں نے 2010 سے 2013 کے درمیان افغانستان میں اپنے مشن کے دوران کم از کم 80 شہریوں کو غیر ضروری طور پر قتل کیا ہے۔