افغانستان میں جنگ کی شدت میں اضافے کے بعد اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان دوبارہ ایک انسانیت سوز بحران کے دہانے پر کھڑا ہے جس کو روکا جاسکتا ہے اور جس کو روکنا ضروری ہے۔
کمشنر کے ترجمان بابر بلوچ نے کہا کہ تشدد کا رواں سلسلہ اندرونی طور پر افراد کے بے گھر ہونے کا اور پڑوسی ممالک میں زیادہ نقل مکانی کا باعث بنے گا۔
اقوام متحدہ کے مطابق جنوری ماہ سے اب تک مزید ۲ لاکھ ۷۰ ہزار افغانستانی باشندے بے گھر ہونے کے بعد، بے گھر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ۳۵ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہائی کمشن برائے مہاجرین نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی شایع کردہ اعداد و شمار کے مطابق بتایا کہ ۲۰۲۱ کے پہلے ۳ ماہ میں شہری ہلاکتوں کی تعداد میں گذشتہ سال (۲۰۲۰) کے مقابلہ میں ۲۹ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
بلوچ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نازک وقت پر افغانستان کی حکومت، افغانستانی عوام، اور ان کے پڑوسی ممالک کے لئے تعاون میں اضافہ کریں۔
حالیہ ہفتوں میں جہاں طالبان کے حملوں میں شدت آرہی ہے تو وہیں متعدد صوبوں کے ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ طالبان نے ۱۹۰ شہروں پر قبضہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔